تھیرو اننت پورم 8؍اگست (ایس او نیوز)سڑک حادثے میں شدید زخمی شخص کو ایمبولینس میں لے کر7گھنٹوں تک اسپتالوں کے چکر لگانے کے باوجود علاج فراہم نہ ہونے کی وجہ سے ایمبولینس میں ہی ہلاک ہوجانے کا انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق تملناڈو سے تعلق رکھنے والا مروگن (۳۰سال) اتوار کی شب11بجے تھیرو اننت پورم میں سڑک حادثے میں زخمی ہوگیا۔ اس کی حالت بہت ہی نازک تھی۔ اسے ایمبولینس کے ذریعے اسپتال میں منتقل کرنے کی کوشش کی گئی۔لیکن ایمبولینس ڈرائیور نے پولیس میں جو شکایت درج کی ہے اس کے مطابق کم از کم دو بڑے نجی اسپتالوں میں اسے داخل کرنے سے صرف اس لئے انکار کیا گیا کہ مروگن کا کوئی بھی اپنارشتے دار اس کے ساتھ نہیں تھا۔جبکہ تھیرواننت پورم میڈیکل کالج میں ایمرجنسی روم پوری طرح بھرا ہونے کی بات کہہ کر اسے داخل نہ کرتے ہوئے ایمبولینس میں ہی رکھا گیا۔پھر تقریباً ۲گھنٹے تک ایمبولینس ہی میں زخمی کو رکھ چھوڑنے کے بعد یہ کہہ کر واپس بھیجا گیا کہ اسپتال میں وینٹی لیٹر دستیاب نہیں ہے۔ اس طرح قیمتی 7گھنٹے ضائع ہوگئے جس میں مروگن کو علاج فراہم کرکے جان بچانے کوشش کی جاسکتی۔ جس کے نتیجے میں پیر کی صبح 6بجے مروگن نے ایمبولینس میں ہی دم توڑ دیا۔
کولّم کی پولیس کمشنر عزیزہ بیگم نے بتایا کہ ایمبولینس ڈرائیور کی شکایت پر کولّم کے 'میڈی سٹی 'سمیت دو اسپتالوں کے خلاف طبی بے پروائی کا کیس درج کرلیا گیا ہے۔